حیدرآباد (جیوڈیسک) دوسرا کے ماہر سعید اجمل کا متبادل سمجھے جانیوالے اسپنر عدنان رسول کا بالنگ ایکشن بھی شکوک کی زد میں آ گیا۔
چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں رپورٹ کے بعد وارننگ مل گئی۔بھارت میں جاری چیمپئینز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیخلاف میچ کے دوران امپائر زنے لاہور لائنز کے اسپنر عدنان رسول کا بالنگ ایکشن مشکوک قرار دیدیا اور انہیں وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے قوانین کے تحت فی الحال عدنان رسول کو بالنگ جاری رکھنے کی اجازت ہو گی لیکن دوبارہ رپورٹ ہونے پروہ پورے ٹورنامنٹ سے ہی آوٴٹ ہو جائیں گے۔
یہی نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے تحت زیرانتظام کسی بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ چیمپئینز لیگ کے منتظمین کے مطابق عدنان رسول ایکشن کے جائزے کیلئے بھارتی بورڈ کی بالنگ ایکشن کمیٹی سے درخواست بھی کر سکتے ہیں۔