کراچی (جیوڈیسک) عباسی شہید اسپتال کی چوتھی منزل پر آگ بھڑک اٹھی ،اطلاع ملتے ہی اسپتال میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر تمام مریضوں کو باحفاظت باہر نکال لیا، فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آگ لگنے سے پرانے گدے اور دیگر سامان جل گیا۔
تفصیلات کے مطابق ناظم آباد میں واقع عباسی شہید اسپتال کی پرانی عمارت کی چوتھی منزل پر ہفتے کی سہ پہر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے دھوئیں نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی اطلاع ملتے ہی عباسی اسپتال میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور پرانی بلڈنگ میں قائم گائنی وارڈ میں موجود خواتین چیخ وپکار کرنے لگیں، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس رینجرز کی بھاری نفری اور ایمبولینس کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر پہنچ گئی۔
پولیس اور رینجرز نے پورے اسپتال کو گھیرے میں لے کر مریضوں کو باہر نکالنے کا عمل شروع کردیا اتنے میں فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کی کوشش شروع کردی۔ فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا تھا زیادہ خوف و ہراس دھواں پھیلنے سے ہوا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ چوتھی منزل پر اسپتال کے پرانے گدے اور دیگر سامان رکھا ہوا تھا جو کہ جل کر تباہ ہو گیا، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔