ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کے زیر اہتمام دوسرا چیئرمین پی او ایف واہ فلڈ لائٹ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب اوول کرکٹ گرائونڈ واہ کینٹ میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر تبسم رحمان ڈی آئی سی آر اینڈممبر پی او ایف بورڈ مہمان خصوصی تھے۔
مہمان خصوصی نے ڈاکٹر عامر مراد صدر پی او ایف سپورٹس کنٹرول بورڈ کی جانب سے پھینکی گئی بال پر ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی میچ لالہ رخ مائٹی اور حیدر لائنز کے مابین کھیلا گیا۔ حیدر لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6اوورز میں 7وکٹ کے نقصان پر56سکور کیا جبکہ لالہ رخ نے پانچویں اوورز میں1وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔اس طرح لالہ رخ مائٹی نے 9وکٹ سے یہ میچ اپنے نام کر لیا۔
لالہ رخ مائٹی کی طرف سے عاطف بٹ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19بالوں پر 26رنز سکور کیے جبکہ لالہ رخ مائٹی ہی کے فاروق نے 12بالوں پر 18سکور کیے۔ اس موقع پر دوسرا میچ شیراز الیون اور حفیظ کلب کے مابین کھیلا گیا جس میں شیراز الیون نے 7وکٹ کے نقصان پر 69رنز بنائے جبکہ حفیظ کلب نے 6اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 53رنز بنائے اس طرح شیراز الیون نے 17رنز سے یہ میچ جیت لیا۔ تیسرا میچ ڈینجر مائٹی اور ینگ فائٹرز کے مابین کھیلا گیا۔
ڈینجر مائٹی نے 6اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر 37رنز سکور کیے جبکہ ینگ فائٹرز نے 2اوورز میں 1وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں واہ کینٹ، راولپنڈی، اٹک، ہری پور اور گرد و نواح کی 32ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ تقریباََ پندرہ روز تک جاری رہے گا اور اس ٹورنامنٹ کا فائنل 14اگست 2016یوم آزادی کے موقع پر کھیلا جائے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر پی او ایف آفیسرز ، پی او ایف ملازمین ا ور نوجوان کرکٹ کے شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا موبائل نمبر0300-5128038