دبئی (جیوڈیسک) سپاٹ فکسنگ میں پابندی کا شکار محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ آئی سی سی نے اپنے اینٹی کرپشن کوڈ آف کنڈکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کر لیا۔
دبئی میں جاری آئی سی سی اجلاس کے دوسرے روز بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کا امکان ہے جس سے محمد عامر کو اپنی پابندی کے خاتمے سے قبل ڈومیسٹک سطح پر کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل سکتی ہے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے نئے کوڈ کو پہلے ہی منظور کر لیا ہے اور وہ فُل بورڈ کو بھی ایسا کرنے کی ہدایت کریں گے۔ اس قانون میں ترمیم کے بعد پابندی کے شکار محمد عامر ڈومیسٹک اور قومی سطح پر کرکٹ کھیل سکیں گے۔
محمد عامر 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران میچ فکسنگ الزامات صحیح ثابت ہونے کے بعد سے پابندی کا شکار ہیں۔ ستمبر 2015 کو محمد عامر کی پابندی کے پانچ سال مکمل ہوجائیں گے۔ محمد عامر اور محمد آصف کے ساتھ ساتھ سلمان بٹ پر چار سال قبل دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا۔
سلمان بٹ اور محمد آصف کی پابندی کے حوالے سے پی سی بی نے آئی سی سی کو خط نہیں لکھا ، اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کے بعد پی سی بی ان دونوں کرکٹر کے حوالے سے آٓئی سی سی کو خط لکھے گا۔ جس کے بعد آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکورٹی یونٹ معاملے کو سنبھالے گا۔