اسلام آباد : الخدمت فاوَنڈیشن کے باہمت رضاکار ملک بھر میں مساجد، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کش اسپرے کررہے ہیں ۔ مساجد کے ساتھ ساتھ مندروں ، گرجا گھروں اور گوردواروں کو بھی کورونا سے محفوظ بنانے کے لئے اسپرے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس حوالے سے الخدمت فاوَنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاوَ کے لئے جہاں سماجی رابطوں میں کمی اور دیگر احتیاطیں ضروری ہیں وہیں جراثیم کش اسپرے کے ذریعے اس کے پھیلنے کے امکانات کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
مساجد اور دیگر عوامی مقامات کے ساتھ ساتھ اقلیتی عبادت گاہوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر اسپرے کے ذریعے محفوظ بنایا جارہا ہے ۔ ان عبادت گاہوں میں اسپرے کرتے وقت ان کے تقدس کا ہر ممکن طور پرخیال رکھا جارہا ہے ۔ اس مہلک وبا کو شکست دینے کے لئے ضروری ہے کہ رنگ ، نسل اور مذہب سمیت ہر طرح کی تفریق سے بالاتر ہوکرصرف انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی جائے ۔ ملک میں بسنے والی اقلیتی برادری اور ان کے مقدس مقامات کا خیال رکھنا ہم سب کا مذہبی اور قومی فریضہ ہے ۔ اس سے جہاں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا وہیں تمام دنیا میں ہماری قوم کا ایک مثبت امیج بھی نمایاں ہوگا ۔ اب تک الخدمت کی جانب سے 121ہسپتالوں اور 6739مساجد،امام بارگاہوں ، اقلیتی عبادت گاہوں اور دیگر مقامات پر اسپرے کا کام مکمل کرلیا گیاہے ۔