سپرداری کے باوجود تحصیلدار کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے کپاس کی فصل اٹھا کر پودے لگا دیئے

کروڑ لعل عیسن : سپرداری کے باوجود تحصیلدار کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے کپاس کی فصل اٹھا کر پودے لگا دیئے۔ عملہ فیلڈ کی رپورٹ کے باوجود محکمہ ریونیو بوجوہ کاروائی سے گریزاں۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 222-A/TDA میں عمر فاروق خان نے 4 سال قبل 2ایکڑ رقبہ خرید کیا جس کے ساتھ فراڈ ہو گیا اور 6 کنال 8 مرلے رقبہ بحق ٹی ڈی اے چلا گیا۔ جس پر عمر فاروق خان نے ممبر بورڈ آف ریونیو کے پاس اپیل کی اور حکم امتنائی بھی حاصل کیا۔

جبکہ محمد حسین وغیرہ نے بعد ازاں غیر قانونی طور پر متزکرہ اراضی پر قبضہ کر کے فصل کاشت کر لی۔ جس کے بعد عمر فاروق خان نے تحصیلدار کروڑ کی عدالت سے رجوع کیا اور کھڑی فصل بحق سرکار سپرداری کے احکامات جاری کر دیئے گئے اور فریقین کو اس رقبہ میں مداخلت سے روک دیا گیا۔ سپرداری کے باوجود محمد حسین وغیرہ نے تحصیلدار کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ناصرف کھڑی فصل اٹھا لی بلکہ وہاں پر باغ لگا دیا۔ کھڑی فصل اٹھانے سے حکومت کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ عملہ فیلڈ کی رپورٹ کے باوجود محکمہ ریونیو بوجوہ کاروائی سے گریزاں۔