جھنگ : جشن بہاراں جھنگ ضلع کی تہذیبی و ثقافتی روایات کا امین ہے جس کے ذریعے نہ صرف عوام کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں بلکہ زراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں کی ترقی اور مختلف کھیلوں کو فروغ بھی ملتاہے۔
یہ بات ڈویژنل کمشنرکیپٹن (ر) نسیم نوازنے ضلعی حکومت کے زیر اہتمام مائی ہیر سٹیڈیم میں تین روزہ جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔رفیقی بیس کمانڈر وسیم احمد خان ،آر پی او احسان طفیل،ڈی سی او نادر چٹھہ ،ڈی پی او ذیشان اصغر،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور مختلف ضلعی محکموں کے افسران اوربڑی تعداد میںمیلہ کے شائقین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈویژنل کمشنرنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس ضلع کو لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبہ جات میں خصوصی مقام عطا کیا ہے اور اس خطہ کے مویشی پال اور کسان بے حد شوق،محنت اور دلچسپی سے بہترین اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی افزائس و پرورش اور کھیتی باڑی میں ملک بھر میں مشہورہیں جنہیں اس جشن بہاراںکے موقع پر مویشیوں کی خوبصورتی اور دودھ کے مقابلوں کے مواقع میسرآئیں گے جس سے صحت مند مسابقت کے جذبات ابھریں گے۔
انہوںنے کہا کہ اس بار جشن بہاراں کو روایتی و ثقافتی رنگوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تفریحی پروگرامز میں اضافہ اور جدت بھی پید ا کی گئی ہے جس سے مویشیوں کے شائقین افراد کے علاوہ ادبی اور جمالیاتی ذوق کے حامل خواتین و حضرات کی دلچسپی کے ایونٹس شامل ہیں ۔انہوںنے شائقین میلہ سے کہا کہ وہ منظم انداز میں جشن بہاراں کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کر کے لطف اندوزہوں اور آپس میں پیار ومحبت ، یگانگت اور اتحادو اتفاق کی فضا کو مزید مستحکم کریں۔
ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ جشن بہاراں کے انعقاد کا اصل مقصد عوام کو مل بیٹھنے اور نئے زرعی ٹیکنالوجی کے بارے میں آگہی پیدا کرنا ہے جسے اپنا کر ہمارے کسان بھائی اپنی فی ایکٹر پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ شفقت شہید گرائونڈ میںمرد و خواتین اوربچوں کیلئے فوڈ فیسٹول کے علاوہ پھولوں اور پھلوں کی نمائش اور دیگر تفریحی پروگراموں کابھی اہتمام کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پررسم پرچم کشائی ،محکمہ پولیس، مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے مارچ پاسٹ پی ٹی شو،ٹیبلو،لوک ناچ دھریس ،لڈی ڈانس ،کیول کیڈ،ناچ شتراں کے علاوہ دیگر رنگا رنگ اور تفریحی پروگراموں کا مظاہرہ کیا۔
بعدا زاں مختلف لائیو سٹاک کے فارمز سے آئے ہوئے خوبصورت اور دودھ دینے والے جانوروں کی نمائش ،سنگل نیزہ بازی، سیکشن نیزہ بازی ،گھوڑا ڈانس ،ٹریک ریس اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے جنہیں دیکھ کر شائقین میلہ بھرپور اندازمیں لطف اندوز ہوئے۔جشن بہاراں میں محکمہ زراعت ، تعلیم، جنگلات ،ایگری کلچر ریسرچ انفارمیشن یونٹ ،مصنوعی نسل کشی،زرعی انجینئرنگ اوردیگر مختلف سرکاری و نجی اداروں کی طرف سے سٹالز لگائے گئے۔