وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) موسم بہار کی آمد آمد پر بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ شہر اور نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش نے ہر طرف جل تھل کردیا،نشیبی علاقوںمیں پانی کھڑا ہو گیا۔
جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ رات ہلکی پھوہار برسی اورصبح سے ہی مطلع ابرآلود تھا،دن 2 بجے کے بعد اچانک آسمانوں پرگھنگھور گھٹا چھاگئی،پہلے ہلکی اور بعد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہوئی اور بغیر وقفہ کئے پندرہ بیس منٹ تک جاری رہی۔موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔بارش سے جناح کالونی، قدرت آباد،الہ آباد اور دیگر علاقوں کی گلیاں زیر آب آگئیں۔
جبکہ درخت اور فصلیں دھل کر نکھر گئے حالیہ بارش کو گندم اور دیگر فصلوں کیلئے مفید قرار دیا جارہا ہے۔ بارش کے بعد موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے شہریوں نے مچھلی کی دکانوں اور دیگر فوڈ پوائنٹس کا رخ کیا اس موقعہ پر سموسوں پکوڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔