ویانا (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے زور دیا ہے کہ امریکہ اور جرمنی جاسوسی سکینڈل سامنے آنے کے باوجود بہترین دوست رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات ویانا میں ایرانی جوہری مذاکرات کے موقع پر جرمن وزیرخارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کے ساتھ ایک سائیڈ لائن ملاقات کے بعد کہی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی مسائل پر مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل جرمنی نے برلن میں سی آئی اے کے ایک اعلی عہدیدار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل دو جرمن خفیہ اہلکاروں کیخلاف امریکہ کیلئے جاسوسی کرنے کے الزامات سامنے آئے تھے۔دریں اثناایران کے جوہری پروگرام مذاکرات میں شامل اہم ممالک نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور عالمی قوتوں کے درمیان بہت سارے شگاف ہیں۔
انٹرویومیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ اس بابت ابھی بھی اہم اختلافات ہیں،انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں ایران کو اس بات کے لیے راضی کیا جائے گا کہ وہ اپنے خلاف پابندیاں ختم کرنے کے بدلے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرے۔
جان کیری نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ واضح طور پر ابھی بھی کئی اہم رخنے ہیں اس لیے ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ آیا ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی یقین دہانی اہم ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنانے جا رہا ہے اور یہ کہ ان کا پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور ہم یہی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔