دمبولا (جیوڈیسک) سری لنکا کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستانی بلے بازوں نے لنکن بولرز کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اور پوری ٹیم کے 102 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سری لنکا کے رنگیری دمبولا انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا اور محض 4 رنز پر شرجیل خان اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد حسب روایت پاکستانی کھلاڑیوں کو آنا جانا لگا رہا اور وقفے وقفے سے پاکستانی کھلاڑی خزاں کے پتوں کی طرح جڑتے رہے۔ احمد شہزاد 10 ، محمد حفیظ 1، مصباح الحق 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل اور صہیب مقصود 7،7 رنز بنا سکے۔
شاہد خان آفریدی بھی 2 رنز کر پویلین لوٹ گئے جب کہ وہاب ریاض صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ بارش کے باعث کھیل 48 اوورز فی اننگ تک محدود کر دیا گیا لیکن پوری ٹیم 33 ویں اوور میں 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، فواد عالم 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی 10 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
سری لنکا کی جانب سے تشارا پریرا نے 4، دھمیکا پرساد نے 2 جب کہ لاستھ ملنگا، رنگنا ہیراتھ اور سکوگی پراسنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔