کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین مہیلا جے وردھنے آج کولمبو میں اپنا کریئیر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔
37 سالہ بلے باز کو ٹیسٹ کرکٹ سے الوداع کرنے کے لئے گراؤنڈ میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حکام کی جانب سے گراؤنڈ کے ہر طرف جے وردھنے کے پوسٹرلگائے گئے ہیں، مایہ ناز بلے باز کو الوداعی میچ کس گراؤنڈ میں کھلایا جائے اس حوالے سے حکام میں بھی رسہ کشی دیکھنے میں آئی، ابتدائی طور پر جے وردھنے کا الوداعی میچ پیسارا اوول کولمبواسٹیڈیم میں رکھا گیا تھا۔
تاہم حکام نے مشاورت کے بعد میچ کی جگہ تبدیل کرتے ہوئے اس گراؤنڈ کا انتخاب کیا جہاں جے وردھنے اپنے کیرئیر کے 26 ٹیسٹ میچز میں 77.37 کی اوسط سے 2 ہزار 863 رنز بنا چکے ہیں جبکہ کسی بھی سنگل گراؤنڈ میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ہے، اسی گراؤنڈ میں جے وردھنے 2006 میں جنوبی افریقا کے خلاف اپنے کریئیر کی ٹرپل سنچری بنا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر کولمبو گراؤنڈ میں جے وردھنے 11 سنچریز بنا چکے ہیں۔
مہیلا جے وردھنے ان 5 کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں جو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹ میں 11 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں جبکہ اس فہرست میں بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر، آسٹریلین سابق کپتان رکی پونٹنگ، جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر بیٹسمین جیک کیلس اور سری لنکن وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا شامل ہیں۔
مہیلا جے وردھنے نے 148 میچز پر مشتمل اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 50.02 کی اوسط سے 11 ہزار 756 رنز بنائے جس میں 34 سنچریاں اور 49 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 2006 میں انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف سب سے زیادہ 374 رنز بنائے، پارٹ ٹائم بولنگ کراتے ہوئے جے وردھنے نے 6 وکٹیں بھی حاصل کیں۔