سری لنکن بورڈ اور پلیئرز میں کنٹریکٹ تنازع طے پاگیا

Sri Lanka

Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکن بورڈ اور پلیئرز کے درمیان کنٹریکٹ تنازع طے پاگیا، بورڈ آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس فیس میں سے 10 فیصد حصہ کھلاڑیوں کو دینے پر راضی ہوگیا، کرکٹرز کی جانب سے جلد ہی معاہدوں پر دستخط کیے جانے کاامکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان
7 ہفتوں سے جاری کنٹریکٹ تنازع کا آخر کار ڈراپ سین ہوگیا ہے، بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اگلے پانچ برس تک کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کونسل کے ایونٹس میں شرکت پر ملنے والی فیس سے 10 فیصد ادا کریں گے۔

اگرچہ آخری اطلاعات تک کرکٹرز نے کنٹریکٹس پر دستخط نہیں کیے تھے تاہم ان کی صوابدید پر ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان انجیلو میتھیوز نے ایس ایل سی کی تین رکنی کمیٹی کے ساتھ یہ ڈیل فائنل کی ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ طویل بحث اور سوچ بچار کے بعد ایس ایل سی ایگزیکٹیو کمیٹی سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا جارہا ہے کہ آئندہ پانچ برس تک ایشن کونسل اور آئی سی سی کے ایونٹس میں شرکت کی جو بورڈ کو فیس ملے گی۔

اس کا 10 فیصد کھلاڑیوں کو ادا کیا جائے گا اور اس میں مزید کوئی بات نہیں ہوگی، یہ پیشکش کھلاڑیوں نے قبول بھی کرلی ہے اور جلد ہی وہ سالانہ کنٹریکٹس پر دستخط کردیں گے۔ اس موقع پر یہ بھی واضح کیا۔

کہ کھلاڑیوں کو حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی شرکت فیس میں سے کچھ نہیں ملے گا تاہم ٹائٹل جیتنے پر بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ 1.5 ملین ڈالر دیے جائیں گے جوکہ آئی سی سی شرکت فیس کا 16.5 فیصد بنتی ہے۔ یاد رہے کہ کھلاڑی 2012 تک آئی سی سی ایونٹس فیس میں سے 25 فیصد حاصل کرتے رہے تھے جس کے بعد یہ سلسلہ ختم کر دیا گیا تھا، اس بار کھلاڑیوں نے معاملہ حل کرنے کیلیے 12 فیصد تک حصے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ بورڈ صرف 6 فیصد دینے کو تیار تھا اب دونوں 10 فیصد پر رضامند ہوگئے ہیں۔