کراچی (جیوڈیسک) سابق قومی ٹیسٹ کھلاڑیوں نے سری لنکا سے آئندہ ماہ ہونے والی سیریز میں سخت مقابلے کی پیش گوئی کردی ہے۔ سابق فاسٹ بالر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ اگست میں مہمان ملک کا موسم کافی سخت ہوگا لہذا کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے فٹنس پر توجہ درکار ہو گی، سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ہوم ٹیم کو شکست دینے کیلئے قومی کرکٹرز کو سخت محنت اور سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرنا ہو گا۔
سری لنکا کیخلاف پاکستانی عام طور پر ٹیسٹ میچز کھیلتی رہتی ہے اور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں سے بھی بخوبی واقف ہیں لیکن سابق ٹیسٹ فاسٹ بالر سرفراز نواز نے خبردار کیا ہے کہ سری لنکا کا اگست میں موسم سخت ہو گا اس لئے پاکستانی کرکٹرز کو کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے فزیکل فٹنس پر توجہ مرکوز رکھنا ہو گی کیونکہ شدید گرمی میں پٹھے کھنچنے کی شکایت عام ہوتی ہے اور کھلاڑی معمول سے جلد تھکاوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ اچھا تھا کیونکہ سیریز کا آغاز عید الفطر کے فوری بعد ہو جائے گا۔ ایک سوال پر سرفراز نواز نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کیلئے سعید اجمل اور یونس خان اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یونس خان کو ایک روزہ اسکواڈ میں شامل کرنے کے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے فیصلے کو سراہا کیونکہ ان کے مطابق ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کا ہونا بھی ضروری ہے۔
سرفراز نواز نے کہا کہ سعید اجمل کی بالنگ پاکستان کو سیریز میں فتح سے ہمکنار کرا سکتی ہے تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ میزبان ٹیم سے سیریز میں سخت مقابلہ ہو گا۔ دوسری جانب جاوید میانداد نے کہا کہ پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ سیریز میں کون جیتے گا کیونکہ کرکٹ چانس کا گیم ہے اور کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکن ٹیم کو ان کی سرزمین پر شکست دینے کیلئے قومی کرکٹرز کو نہ صرف سخت محنت کرنا ہو گی بلکہ سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرنا ہو گا۔
ماضی کے عظیم بیٹسمین نے مزید کہا کہ اگر تجربہ کار قومی کھلاڑیوں نے کنڈیشنز سے جلد آگاہی حاصل کرلی تو پھر اچھے نتائج کی امید کی جاسکتی ہے کیونکہ سری لنکا کا موسم خاصا سخت ہوتا ہے اور ہوا میں نمی کا بلند تناسب فاسٹ بالرز پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔