سری لنکن کنٹریکٹ تنازع آج حل ہونے کا امکان روشن

Sri Lanka

Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکن پلیئرز اور بورڈ کے درمیان کنٹریکٹ تنازع جمعرات کو حل ہونے کا امکان روشن ہے۔ گذشتہ روز دونوں فریقین نے خصوصی اجلاس میں اپنا موقف پیش کیا، حتمی فیصلہ ایگزیکٹیو کمیٹی کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان کنٹریکٹ تنازع کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے، ایس ایل سی کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیاکہ ہمارے آفیشل نے قومی ٹیم کے پلیئرز کے ساتھ کنٹریکٹ معاوضوں کے حوالے سے بات چیت کی۔

جس میں کھلاڑیوں نے اپنے تحفظات پیش کیے جبکہ بورڈ حکام نے اپنا نقطہ نظرپیش کیا۔اب آفیشلز اس میٹنگ کی تفصیلات سے ایگزیکٹیو کمیٹی کو آگاہ کریں گے اور وہی حتمی فیصلہ کرے گی۔ اجلاس میں کپتان انجیلو میتھیوز ، ٹوئنٹی 20 قائد دنیش چندیمل، مہیلا جے وردنے، کمارسنگاکارا، لسیتھ مالنگا، رنگانا ہیراتھ اور نوان کولاسیکرا سمیت کئی پلیئرز موجود تھے، بورڈ کی جانب سے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا، چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا اور نائب صدر موہن ڈی سلوا موجود تھے، بورڈ کے صدر جیانتھا دھرما داسا وہاں نہیں تھے۔