سری لنکا (جیوڈیسک) سری لنکن بولر نوان کلاسیکرا کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، وہ ایک سڑک حادثے میں ملوث تھے جس میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موت ہوگئی تھی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ نوان کلاسیکرا کولمبو سے کینڈی جا رہے تھے جب مخالف سمت سے آنے والے بدقسمت موٹر سائیکل سوار ایک بس کو اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر قابو نہ رکھ سکے اور کلاسیکرا کے راستے میں آگئے۔
سری لنکن بورڈ کے مطابق کداوٹا کے چیف مجسٹریٹ نے زیرتکمیل تفتیش میں کلاسیکرا کو ضمانت پر رہا کیا ہے۔
سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والے 28 سالہ نوجوان کی موت پر بھی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ 34 سالہ کلاسیکرا نے جون میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اپنی توجہ محدود اوورز کی کرکٹ پر مرکوز کر لی تھی۔
انھوں نے انگلش کاؤنٹی سسکس کی نمائندگی کرتے ہوتے تین بار ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی۔