کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا نے ٹیم کے شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلیں، قومی ہیروز پر پھولوں کی بارش ہو گی۔ نئے ورلڈ ٹوئنٹی 20 چیمپئنز منگل کووطن واپس پہنچیں گے،انھیں کھلی چھت والی بس پر شہر کا چکر لگوایا جائے گا، کھلاڑیوں پر ڈالرز بھی برسیں گے، بھارت پرفتح کے بعد رات بھر کولمبو کی سڑکوں پر جشن کا سماں رہا، صدر راجاپکسے نے بھارت کو فائنل میں زیر کرنے والے تمام پلیئرز اور آفیشلز سے فرداً فرداً فون پر بات کی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے اتوار کو ڈھاکا میں بھارت کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے فیصلہ کن معرکے میں پچھاڑ کر ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والا اب پانچواں ملک بن چکا ہے، اس سے قبل بھارت (2007)، پاکستان (2009)، انگلینڈ (2010) اور ویسٹ انڈیز ( 2012) میں ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں۔ فتح کے ساتھ ہی جہاں سری لنکن کیمپ خوشیوں سے بھر گیا وہیں کولمبو اور سری لنکا کے دوسرے شہروں میںشائقین رات گئے تک جشن مناتے رہے۔ صدر راجا پکسے نے بھی فون پر تمام ٹیم ممبران اور آفیشلز سے بات کر کے جیت پر مبارکباد دی،اب سب کو ان قومی ہیروز کی وطن واپسی کا بے چینی سے انتظار ہے، کرکٹ بورڈ حکام نے شایان شان استقبال کیلیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔