سری لنکن میزبانی کے لیے پی سی بی کی امیدیں برقرار

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) سری لنکا کی میزبانی کے لیے پی سی بی کی امیدیں برقرار ہیں۔ سینئر کرکٹرز کے تحفظات کی وجہ سے آئی لینڈرز دورے پر شکوک کا شکار کر چکے۔

صدر ممنون حسین سے ملاقات میں سری لنکن ہم منصب راجا پکسے نے کہا تھا کہ آئی لینڈرز کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے، مثبت اشارہ ملتے ہی پی سی بی نے سری لنکن بورڈ کو دعوت دیدی، جوابی ای میل میں اس معاملے میں غور کرنے کا وعدہ کیا تو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے کی امیدیں جاگ اٹھیں، بعد ازاں یہ اطلاعات بھی موصول ہوئیں کہ سری لنکا کے چند سینئر کرکٹرز نے دورے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

البتہ پی سی بی اب بھی پُرامید ہے کہ آئی لینڈرز مختصر سیریز کیلیے آسکتے ہیں، ایک آفیشل نے کہ ہماری دعوت پر سری لنکن بورڈ کا جواب حوصلہ افزا تھا، خوشی کی بات ہے کہ انھوں نے ہماری تجویز کو فوری طور پر مسترد نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ اس معاملے پر داخلی طور پر آپس میں اور کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کے بعد حتمی فیصلہ کرینگے۔ بورڈ عہدیدار نے مزید کہا کہ سری لنکن صدر کے جذبات قابل قدر ہیں، اس سازگار فضا کا فائدہ اٹھانے کیلیے ہر ممکن کوشش کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ آئی لینڈرز کو دورے کیلیے کوئی حتمی شیڈول نہیں دیا لیکن مختصر نوٹس پر بھی تمام تر تیاریاں مکمل کر سکتے ہیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کی طرف سے آنے کی رضامندی کا باقاعدہ اظہار ہو۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی نے مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کیلیے جامع پلان تیار کر لیا، تمام میچز لاہور میں ہونگے اور کرکٹرز کو قذافی اسٹیڈیم کے قریب واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرایا جائے گا۔