کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کے صدر میتھری پالاسیری سینا کے دورہ نئی دہلی سے قبل دونوں ملکوں نے جذبہ خیر سگالی کے تحت تحویل میں لی گئیں 110 ماہی گیر کشتیاں واپس کر نے کا اعلان کر دیا۔
یہ بات سری لنکا کے وزیر برائے فشریز دلیپ ویدا راچی نے اتوار کو سرلنکن صدر سیری سینا کی بھارت روانگی سے قبل اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے حکومت نے 86 ماہی گیر کشتیاں واپس کرنے کیلئے تمام اقدامات مکمل کر لئے ہیں اور بہت جلد بھارتی حکام کے حوالے کر دئیے جائیں گے۔ بھارتی ماہی گیر کشتیاں سری لنکا کے سمندری حدود میں غیر قانونی شکار کے دوران تحویل میں لی گئیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 24 ماہی گیر کشتیاں اور چھ ماہی گیر بھارتی حکام کی تحویل میں ہیں اور انہیں بھی جلد رہا کیا جائے گا۔ صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد سری لنکا کے صدر کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
سری لنکن صدر سیری سینا نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔