ہلاک شدگان کی تعداد 359 نہیں بلکہ 259 ہے : سری لنکن وزیر

Sri Lanka Blast

Sri Lanka Blast

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے نواح میں آج ایک مزید دھماکے کی آواز سنی گئی جس کے بعد ملک کے مرکزی بینک میں بم کی اطلاع پر علاقے کا گھیراو کر لیا گیا جبکہ سری لنکا کے کیتھولک چرچ کی سرگرمیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

دوسری طرف سری لنکن حکام نے خودکش حملوں کے بارے میں تنبیہ کو نظر انداز کرنے کا اعتراف کر لیا جبکہ صدر میتھری پالا سری سینا نے پولیس کے سربراہ کو بھی برخاست کر دیا ہے ۔ سری لنکا کے ڈپٹی وزیر دفاع رووان وجے وردان نے الزام لگایا کہ ایسٹر کے دن ہونے والے دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ اور مقامی اسلامی گروپ کے لیڈر نے خودکشی کرلی ہے ۔

دوسری جانب مشیر دفاع ہیما سری فرنینڈو نے خودکش حملوں میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں نے استعفیٰٖ صدر کو پیش کردیا ہے۔

کولمبو سے گرفتار 3 افراد سے دستی بم اور ہتھیار برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ درین اثنا،سری لنکن حکام نے ایسٹر کے موقع پر سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے پاکستانیوں سمیت مصری باشندے کو حراست میں لیا۔

سری لنکن وزیر صحت نے وضاحت کی ہے کہ حملوں میں 359 نہیں بلکہ 259 افراد ہلاک ہوئے تھے۔