لاہور (جیوڈیسک) زمبابوے ٹیم کی پاکستان آمد کے بعد سری لنکن ٹیم کے دورے کے لیے پاکستان نے کوششیں شروع کردی ہیں۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عبوری سربراہ سدھات ودے منی 29 مئی کو پاکستان پہنچیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان کی خصوصی دعوت پر سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عبوری سربراہ سدھات ودے منی 29 مئی کو پاکستان پہنچ رہے ہیں جو 31 مئی کو پاک زمبابوے آخری ون ڈے میچ دیکھیں گے۔
پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی ٹیم کے دورے کے متعلق بورڈ کے عبوری سربراہ سے بات چیت کی جائے گی اور سیکورٹی انتظامات سمیت تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔ ابتدائی طور پر دورہ سری لنکا کو مختصر رکھنے اور صدارتی طرز کی سیکورٹی دینے کی تجاویز پر بات چیت بھی کی جائے گی۔