سری لنکا کا پیس سے پاکستانی بیٹنگ کو ٹھیس لگانے پر غور

Sri Lankan Team

Sri Lankan Team

گال (جیو ڈیسک) سری لنکن ٹیم پہلے ٹیسٹ میں پیس سے پاکستانی بیٹنگ کو ٹھیس لگانے پر غور کر رہی ہے جبکہ صرف ایک اسپنر کو میدان میں اتارنا خارج از امکان نہیں۔

تفصیلات کے مطابق رنگانا ہیراتھ کاگرین کیپس کے خلاف بہتر ریکارڈ دلروان پریرا کی چھٹی کراسکتا ہے، ٹخنے کی انجری نے سورنگا لکمل کو سیریز سے باہر کر دیا، شمندا ایرنگا فٹ ہوگئے، دوسرے سیمر کیلیے چنا کا ویلی گدیرا اور دھمیکا پرساد میں مقابلہ ہے، دوسری جانب پاکستان نے گذشتہ روز بھی بھر پور پریکٹس کی، ٹیم کی نگاہیں ٹیسٹ کرکٹ میں نئے آغاز پر مرکوز ہیں۔ اسپن بولنگ ہمیشہ سے سری لنکن سائیڈ کی قوت رہی اور اسی کی بدولت بڑی بڑی ٹیموں کا شکار کیا لیکن پاکستان کے خلاف وہ اسپن کے بجائے پیس قوت پر انحصار کرسکتا ہے، پہلے ٹیسٹ میں صرف ایک اسپنر کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔

پاکستانی بیٹسمینوں کی جانب سے اسپن بولرز کو زیادہ عمدگی سے کھیلنے کی وجہ سے سری لنکا اپنی حکمت عملی میں تبدیلی پر غور کررہا ہے، اس مقصد کیلے رنگانا ہیراتھ یا دلروان پریرا میں سے کسی ایک کو ڈراپ کیا سکتا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے ہی جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو میں ڈرا ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں بہتر پرفارم کیا تھی، ہیراتھ نے 9 جبکہ پریرا نے 8 وکٹیں لی تھیں، اگر کسی ایک اسپنر کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا تو پھر ہیراتھ کے چانسز زیادہ ہیں کیونکہ ان کا پاکستان کیخلاف ریکارڈ غیر معمولی ہے۔ فاسٹ بولر سورنگا لکمل مکمل سیریز سے باہر ہوگئے، وہ جنوبی افریقہ سے دوسرے میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

سلیکٹرز کو امید تھی کہ وہ گال ٹیسٹ تک فٹ ہوجائیں گے تاہم ڈاکٹرزکے مطابق انھیں دوبارہ ایکشن میں آنے میں کم سے کم 3 ہفتے لگیں گے۔ شمندا ایرنگا کی پلیئنگ الیون میں شمولیت متوقع ہے تاہم اس کے لیے انھیں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا، وہ پروٹیز سے سیریز میں ہاتھ کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، اگر فیلڈنگ پریکٹس کے دوران تکلیف کے آثارنہیں نظر آئے تو انھیں میدان میں اتارا جائے گا، دوسرے فاسٹ بولر کی جگہ کے لیے چناکا ویلی گدیرا اور دھمیکا پرساد میں مقابلہ ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میں ڈراپ ہونے والے نائب کپتان لاہیرو تھریمانے کی بھی واپسی متوقع ہے۔ سری لنکن سائیڈ سابق کپتان مہیلا جے وردنے کے کیریئر کی آخری ٹیسٹ سیریز فتح سے یادگار بنانا چاہتی ہے۔

اسی مقصد کیلیے پاکستان سے دوسرا ٹیسٹ کولمبو کے پی سارا اوول سے جے وردنے کے ہوم گراؤنڈ سنہالیز اسپورٹس کلب منتقل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب مصباح الیون جے وردنے کو اپنی الوداعی سیریز یادگار بنانے کا موقع فراہم کرنے کو تیار نہیں، کپتان پہلے ہی واضح کرچکے کہ ان کی ٹیم کی پوری کوشش ہوگی کہ جے وردنے زیادہ رنز اسکور نہ کریں۔ گذشتہ روز بھی گال میں پاکستانی ٹیم نے بھر پور پریکٹس کی، پہلا ٹیسٹ بدھ سے شروع ہو گا۔