شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان نے شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو شکست دیدی۔ پاکستانی کھلاڑی بیٹنگ اور بائولنگ کے دونوں شعبوں میں چھائے رہے۔
نائب کپتان محمد حفیظ کی شاندار سینچری، 140 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نمایاں بلے بازوں میں دلشان نے 59، اے ڈی میتھیوز 44، چندی مل 36، سنگاکارا 14 جبکہ ایس پرسانا نے 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 3، محمد حفیظ، سعید اجمل اور جنید خان نے 2، 2 جبکہ شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کا سکور ابھی 2 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ اوپنر بلے باز شرجیل خان صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نائب کپتان محمد حفیظ نے وکٹ پر آ کر نہ صرف ٹیم کو سنبھالا دیا بلکہ 140 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔
وکٹ کی دوسری جانب نوجوان بلے باز احمد شہزاد نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور میدان کے چاروں طرف کھیلتے ہوئے شاندار 81 رنز بنائے تاہم وہ ملنگا کے ہاتھوں رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق نے 40، صہیب مقصود 21، جبکہ بوم بوم آفریدی نے صرف 2 رنز بنائے۔
عمر اکمل نے 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 213 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو، ایک سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔