کولمبو (جیوڈیسک) سلو ٹریک پر انگلش بیٹنگ پٹری سے اتر گئی،سری لنکا کیخلاف دوسرے ون ڈے میںٹیم 180 رنز پر ڈھیر ہوگئی، روی بوپارا (51)اور جوئے روٹ(42) کے سوا کوئی مزاحمت نہ کر پایا،اجنتھا مینڈس نے 3 وکٹیں لیں، میزبان سائیڈ نے ہدف ہنستے کھیلتے 2 وکٹ پر عبور کرلیا، سنگاکارا 67 اورجے وردنے 77 پر ناقابل شکست رہے۔
تفصیلات کے مطابق کولمبو میں صبح دھند کی وجہ سے میچ کو 45،45 اوورز تک محدود کر دیا گیا، انگلینڈ کی ٹیم سلو پچ پر ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی، گذشتہ میچ کے سنچری میکر معین علی صرف 2 رنز بناکر دلشان کی گیند پر بولڈ ہوئے، 150 واں ون ڈے کھیلنے والے ای این بیل 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
رنگانا ہیراتھ نے انھیں میدان بدر کرنے کیلیے تشارا پریرا سے معاونت حاصل کی، کپتان الیسٹر کک اعتماد سے عاری 22 رنز بنانے کے بعد دلشان کی گیند پر کوشل پریرا کو کیچ دے بیٹھے، ایون مورگن (17) کو پریرا نے تھریمانے کی مدد سے چلتا کردیا،جوئے روٹ نے روی بوپاراکے ساتھ مل کر اسکور 117 تک پہنچایا،کپتان انجیلو میتھیوز نے انھیں 42 پر آئوٹ کرکے شراکت کا خاتمہ کیا۔
جوز بٹلر (7) کی بیلز فضا میں بکھیر کر دھمیکا پرساد نے انگلینڈ کو چھٹا نقصان پہنچایا، کرس ووکس نے اجنتھا مینڈس کی گیند پر سنگاکارا کو کیچ تھما کر 15 پر وکٹ کی قربانی پیش کر دی، ایسے میں بوپاراکے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا،انھوں نے 51 رنز بنانے کے بعد اسپنر کی گیند میتھوز کی طرف اچھال دی، مینڈس نے اسٹیون فن کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی بولڈ کیا، ہیری گورنے ایک رن ہی بنا پائے تھے کہ دھمیکا پرساد نے وکٹیں اڑادیں، مہمان ٹیم 43 اوورز میں صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اجنتھا مینڈس 3 جبکہ دلشان اور دھمیکا پرساد 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں سری لنکا کو 27 کے مجموعی اسکور پر کوشل پریرا(9) کا نقصان اٹھانا پڑاا، انھیں فن نے بوپاراکا کیچ بنوایا، صرف 10 رنز کے اضافے سے دلشان (26) بھی معین اور کرس ووکس کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوگئے، اسکے بعد سنگاکارا ایک ڈراپ کیچ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 67 رنز بنانے میں کامیاب رہے، مین آف دی میچ جے وردنے نے 77 کی اننگز کھیلی، دونوں نے 35 ویں اوور میں ہی ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔