سری لنکا سے سیریز: گال میں پاکستانی پلیئرز کی پریکٹس

Pakistan Cricket Team

Pakistan Cricket Team

گال (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹرز نے سری لنکا میں آنے والی سیریز کی تیاریاں شروع کردیں، قومی کرکٹرز نے اتوار کو آرام کرنے کی بجائے گال کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں بھرپور انداز میں شرکت کی۔

اس موقع پر تمام پلیئرز انتہائی خوشگوار موڈ میں کوچ وقار یونس سے رہنمائی لیتے رہے، کھلاڑیوں نے فٹبال کھیلی، ون ڈے اسکواڈ میں واپس آنے والے یونس خان بھی ایکشن میں دکھائی دیے، ان کے علاوہ جنید خان نئے روپ کے ساتھ جلوہ گر ہوگئے، پاکستانی ٹیم چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کے رنگ میں ڈھلنے جارہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ بدھ سے گال میں شروع ہو گا، گرین شرٹس اس دورے میں دو ٹیسٹ میچز کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی آئی لینڈرز کا سامنا کریں گے۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں 14 اگست سے شروع ہونے والا میچ سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے کا الوداعی ٹیسٹ ہوگا، اسی کے ساتھ وہ طویل دورانیے کی کرکٹ کو خیرباد کہ دیں گے، اسی مناسبت سے گال میں بھی اتوار کو مہیلا جے وردنے کیلیے الوداعیہ بینر بھی آویزاں کیے گئے، پاکستانی کپتان مصباح الحق پہلے ہی واضح کرچکے ہیںکہ اگر ہمیں سری لنکا میں کامیابی چاہیے تو اس کیلیے ہمیں مہیلا جے وردنے کو اپنی فیئرویل سیریز میں رنز بنانے سے روکنا ہو گا۔

واضح رہے کہ مہیلا جے وردنے اپنے ہوم گرائونڈ سنہالیز اسپورٹس کلب میں شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں، ماضی میں وہ اس میدان میں کمار سنگاکارا کے ہمراہ کئی بڑی شراکتیں بھی قائم کرچکے ہیں، علاوہ ازیں قومی ٹیم 20 اگست کو میزبان الیون سے ون ڈے پریکٹس میچ کھیلے گی، تاہم اس کے بعد ون ڈے سیریز کا آغاز 23 اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہوگا، 27 اگست کو کولمبواور 30تاریخ کو دمبولا میں دیگر 2میچز شیڈول ہیں۔