گال (جیوڈیسک) سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کامیابی کے بعد کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سیریز میں 1-0 کی برتری سے باقی میچز کیلیے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں، رنگانا ہیراتھ کے خلاف پریکٹس کا بھرپور فائدہ ہوا۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے ذہن میں یہ بات بالکل واضح تھی کہ اگر ہمیں یہ ٹیسٹ جیتنا ہے تو پھر سری لنکن ٹیم کو پہلی اننگز میں کم اسکور پر ڈھیر کرنا ہوگا، جواب میں ہماری بیٹنگ بھی لڑکھڑائی مگر اسد شفیق اور سرفراز احمد کی وجہ سے فائٹ بیک کیا۔
یہ ہمارے لیے بہت بڑی فتح ہے خاص طور پر گال میں کامیابی کا اپنا ہی مزہ ہے، سیریز میں 1-0 کی برتری سے حوصلے بلند ہوچکے ہیں، ہم نے رنگانا ہیراتھ کو کھیلنے کی بھرپور پریکٹس کی جس کا کافی فائدہ ہوا، اس کامیابی میں یاسر شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔
ہم ٹاس کے وقت سے ہی کافی مثبت تھے اور مجھے یہ یقین تھا کہ ساڑھے تین دن میسر ہونے کے باوجود ہم اس میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ سرفراز نے کہا کہ میں نے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی رہنمائی میں سوئپ شاٹس کی بہت زیادہ پریکٹس کی مجھے افسوس ہے میں 96 پر آؤٹ ہوگیا مگر آئندہ 90 کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد میں زیادہ احتیاط سے کام لوں گا۔