کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا میں مٹی کا تودے گرنے سے 35 افراد ہلاک جب کہ مزید 150 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں تیزہواؤں کے ساتھ گزشتہ 3 روز سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور دارالحکومت کولمبو سے 100 کلو میٹر دورشمالی مشرقی علاقے ارانایاکے میں مٹی کا تودہ گرنے سے سیکٹروں افراد مٹی کے تودے تلے دب گئے جس کے بعد 150 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق شدید بارشوں کے بعد مختلف حادثات و واقعات میں 35 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد اپنے گھروں سے محروم ہوگئے۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لئے ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جب کہ شمال مغربی ساحلی ضلع پوتالام میں پھنسے 200 افراد کو بحفظات محفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے، دوسری جانب ہلال احمرنے بھی متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کردیا ہے۔