لاہور (جیوڈیسک) ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کانٹے دار ہو گی۔ اچھی تیاری کی ہے مگر دوسری طرف سری لنکا کی ٹیم کا اعتماد اس وقت بہت بلند ہے، وہ انگلینڈ کو انگلینڈ میں شکست دیکر آئے ہیں جہاں بڑی بڑی ٹیمیں مار کھا جاتی ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے پاس دنیا کا بہترین بائولنگ اٹیک ہے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک سری لنکا سیریز کے تمام میچ دلچسپ ہونگے، یہ سیریز ون سائیڈڈ نہیں ہو گی۔ جے وردھنے اپنے آخری دو ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں، وہ بہترین پرفارمنس سے اپنے آخری میچوں کو یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔
مگر ہماری ٹیم کے خلاف سری لنکا کا اہم ترین ہتھیار سنگا کارا اور رنگانا ہیراتھ ہونگے۔انہوںنے کہا کہ ہمارے بلے بازوں کو بھی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا اور کم از کم 350 سے 400 رنز بورڈ پر جوڑنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مصباح الحق بہترین پرفارم کر رہے ہیں، ان کے ساتھ یونس خان، احمد شہزاد، اسد شفیق اور عمر اکمل کو بھی اب پختہ بلے باز بن کر دکھانا ہو گا۔