کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا نے جنگی جرائم کی تحقیقات سے متعلق انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جو مفاہمتی پالیسی شروع کی ہے اسے ہرصورت جاری رکھا جائے گا۔
سری لنکا کے صدر مہندا راجاپاکسے نے 5 سالہ خانہ جنگی کے دوران تامل شہریوں کی ہلاکت سے متعلق انسانی حقوق کونسل کی تحقیقات کرانے کی قرارداد کو مفاہمتی پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی قرارداد سے سری لنکن عوام کو کوئی فائدہ نہیں بلکہ صرف اورصرف حکومت کی حوصلہ شکنی ہو گی۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں پانچ سالہ خانہ جنگی کے دوران 40 ہزار سے زائد تامل شہری ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس حوالے سے انسانی حقوق کونسل نے جنگی جرائم کی تحقیقات کے حوالے سے قرارداد تیار کی ہے جسے اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔