لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سری لنکن ویمن ٹیم رواں ماہ پاکستانی میدانوں کی رونق بڑھائے گی جب کہ 3 ون ڈے میچز کیلیے مہمان اسکواڈکی 15 اکتوبرکوآمد ہوگی۔
رواں ماہ انگلینڈ کی مینز اور ویمنز اسکواڈز کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا مگر نیوزی لینڈ کے انکار پر انگلش بورڈ نے بھی اپنی ٹیمیں نہ بجھوانے کا فیصلہ کیا،اس خلا کو پْر کرنے کیلیے سری لنکن مینز ٹیم کو بلانے کا منصوبہ لاجسٹک مسائل کی وجہ سے قابل عمل نہ ہوسکا لیکن ویمن اسکواڈ کی آمد ہورہی ہے۔
مجوزہ پلان کے مطابق مہمان کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان 15اکتوبر کو پہنچ کر 7روزہ قرنطینہ کریں گے،ایک پریکٹس گیم کے بعد 3ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی،سری لنکن ٹیم 29اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ آئی لینڈرز کی خواتین ٹیم پہلی بار کسی باہمی سیریز کیلیے پاکستان کا دورہ کریگی،اس سے قبل2005-6میں وہ ویمن ایشیا کپ میں شرکت کیلیے آئی تھیں،دونوں ٹیموں کے درمیان آخری باہمی سیریز 2018میں کھیلی گئی، گرین شرٹس نے دمبولا میں منعقدہ تینوں میچز جیت کر کلین سوئپ مکمل کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے میں 25نومبر سے 5دسمبر تک شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائرز کی بہتر تیاری کیلیے دونوں بورڈز نے باہمی سیریز کھیلنے پر اتفاق کیا ہے، پی سی بی کی جانب سے سیریز کا حتمی شیڈول جاری ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے، سری لنکا کی ویمن کرکٹرز ان دنوں بھی بائیو ببل میں ٹریننگ کررہی ہیں۔