لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کیخلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی۔
کراچی پہنچنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور دیگر پی سی بی آفیشلز نے ٹیم کا استقبال کیا۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچی، سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام بھی کھلاڑیوں کے ساتھ کراچی پہنچے ہیں۔
کھلاڑیوں کو جہاز سے براہ راست اسٹیٹ لاؤنج لے جایا گیا جہاں کھلاڑیوں کی چائے بسکٹ سے تواضع کی گئی۔
اس کے بعد ٹیم ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی کے حصار میں کراچی کے مقامی ہوٹل روانہ ہوئی جہاں مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم پہلے کراچی میں تین ون ڈے میچز کھیلے گی جس میں مہمان ٹیم کی قیادت لیہارو تھریمانے کریں گے جس کے بعد لاہور میں ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں ڈاسون شناکا مہمان ٹیم کے قائد ہوں گے۔
سری لنکن ٹیم بدھ کی دوپہر نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جبکہ جمعرات کو بھی ٹیموں کا پریکٹس سیشن ہوگا جس کے بعد جمعہ کو کراچی میں پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل سری لنکا سے روانہ ہوتے وقت سری لنکن ٹیم کے کپتان تھریمانے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے کا عزم رکھتی ہے، سیکیورٹی پر بورڈ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کی توجہ صرف کرکٹ پر ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کو سربراہان مملکت کے برابر سیکیورٹی کا پروٹوکول دیا ہے۔