کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نووان کلاسیکرا نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔
کلاسیکرا نے 2005ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا جس کے بعد اب تک انھوں نے 21 ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں اپنے نام کیں۔ کلاسیکرا نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ دوسال قبل انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں 48 وکٹوں کے علاوہ انھوں نے ایک نصف سنچری کی مدد سے 391 رنز بنائے۔ تیتیس سالہ نووان کلاسیکرا نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کوایک خط کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا جس میں انھوں نے تحریر کیا کہ میں فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کش ہو رہا ہوں۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کافی غور کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ریٹائر ہونے کے لیے یہ مناسب وقت ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کی بدولت میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کی بہتر تیاری کر سکوں گا۔
انھوں نے بورڈ کو لکھا کہ بہترین کارکردگی اور انتخاب کی صورت میں سری لنکا کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کو جاری رکھنا چاہتا ہوں۔