سری لنکن صدر نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کر دی

Sri Lanka

Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کے صدر مہندا راجا پکسے نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے کرکٹرز کو لازمی طور پر پاکستان جاکر کھیلنا چاہیے، ہم دہشتگردوں کو خود پر حاوی ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے چین میں پاکستان کے صدر ممنون حسین سے ملاقات کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا جب خود خانہ جنگی کا شکار تھا اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم نے وہاں کے کئی ٹورز کیے تھے۔

یہ بات راجا پکسے بھول نہیں پائے اور اب چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے، سری لنکن میڈیا کے مطابق چین میں خصوصی اجلاس کے موقع پر ان کی ملاقات پاکستانی صدر ممنون حسین سے ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ کرکٹ پر بھی بات ہوئی، اس موقع پر راجا پکسے نے کہا کہ ہماری ٹیم کو لازمی طور پر پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے کیونکہ ہم دہشتگردوں کو خود پر حاوی ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

یاد رہے کہ مارچ2009 میں سری لنکا کی ہی ٹیم کو لاہور میں دہشتگردوں نے نشانہ بنایا تھا جس میں کئی نامور کھلاڑی شدید زخمی ہوگئے تھے، اس واقعے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے نوگو زون بن کر رہ گیا اوراس کے میدان سونے پڑے ہوئے ہیں۔

گرین شرٹس رواں برس سری لنکا کے دورے پر جائینگے جبکہ وہ آئی لینڈرز سے گذشتہ برس کے اختتام پر ہوم سیریز یو اے ای میں کھیل چکے ہیں۔ راجا پکسے کی جانب سے اپنی ٹیم کے دورئہ پاکستان کی حمایت مستقبل کیلیے ایک اہم قدم ثابت ہوسکتی ہے۔