سری نگر (جیوڈیسک) بھارتی پولیس نے حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق کو ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا۔ پولیس نے میر واعظ عمر فاروق اور ان کے ساتھیوں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ کرفیو زدہ علاقے شوپیہ کا دورہ کرنے کیلئے روانہ ہوئے۔ میر واعظ عمر فاروق شوپیہ میں کشمیری شہدا کے لواحقین سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔
شوپیہ میں گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے پانچ کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا جس کے بعد کشمیری سڑکوں پر نکل آئے۔ شدید ردعمل سے ڈر کر مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے شوپیہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دس روز سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ کرفیو سے لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔