سری نگر (جیوڈیسک) بھارتی فوج کے ہاتھوں گزشتہ روز 11 کشمیریوں کی شہادت پر آج وادی میں مکمل ہڑتال ہے جب کہ فورسز نے حریت رہنما یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق کو گرفتار کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی مظالم کے خلاف حریت قیادت نے تین روزہ ہڑتال کی کال دی ہے جس کے باعث وادی میں آج بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے حریت قیادت کی جانب سے سری نگر میں بھارتی فوج کے ہیڈکوارٹرز تک مارچ کے دوران حریت رہنما میر واعظ اور یاسین ملک کو گرفتار کرلیا۔
قابض بھارتی پولیس نے یاسین ملک کے ساتھ موجود مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
انتظامیہ نے سری نگر میں پابندیاں نافذ کرتے ہوئے انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی ہے۔