اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور متحد افغانستان کے مقصد کیلیے تمام تر کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
افغانستان کیلیے نامزدپاکستانی سفیر سید ابرار حسین سے ایوان صدر میں جمعے کو ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ افغان قیادت میں اور افغان عوام کی حمایت کا حامل امن کا عمل افغانستان میں امن اور استحکام کیلیے ناگزیر ہے۔
نامزد سفیر نے صدر مملکت کے ساتھ اپنی نئی سفارتی ذمے داریوں سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا۔ صدر نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انھوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کیلیے پرعزم ہے۔
کیونکہ مستحکم اور تعاون پر مبنی روابط دونوں ممالک اور خطے کے مفاد میں ہیں۔ صدر نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات میں موجود مثبت روابط کار کو مزید تقویت دینے کیلیے افغان حکومت، کاروباری برادری، سول سوسائٹی، دانشوروں اور میڈیا شخصیات سمیت معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ ملکر کام کریں۔ نامزد سفیر نے اعتماد کا اظہار کرنے پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ وہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلیے پورے عزم اور لگن کے ساتھ کام کریں گے۔