قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈی سی او قصور سلمان غنی نے کیم کرن روڈ پر زیر تعمیر سپورٹس اسٹیڈیم قصور کا گزشتہ روز معائنہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی او سپورٹس ، ڈی او پلاننگ ، ایل ڈی اے ، کنسلٹنٹ نیسپاک ،ٹیپا کے انجینئرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی سی او کو سپورٹس اسٹیڈیم قصور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ سپورٹس اسٹیڈیم 36 کروڑ 95 لاکھ 75ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائیگا ۔یہ 283 کنال اور 13 مرلے کے وسیع رقبے پر محیط ہے جس میں کرکٹ ، ہاکی اورکبڈی کے گرائونڈز اور وسیع پارکنگ بنائی جا رہی ہے اور یہ ایک انٹر نیشنل لیول کا اسٹیڈیم ہوگا۔
اس موقع پر ڈی سی او نے متعلقہ انجینئرز اور افسران کو حکم دیا کہ اسٹیڈیم کی تکمیل کیلئے ڈبل لیبر لگا کر دن رات کام کیا جائے اور آئندہ ماہ مارچ تک اسٹیڈیم کو مکمل کیا جائے اور بہترین میٹریل کے استعمال کا خاص خیال رکھا جائے غیرمعیاری میٹریل کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔