ملتان (جیوڈیسک) ملتان کے سانحہ قاسم باغ اسٹیڈیم کی ابتدائی رپورٹ سی پی او ملتان نے آئی جی پنجاب کو بھجوا دی ہے۔ ملتان پولیس کے سی پی او سلطان چودھری کی طرف سے بھجوائی جانے والی رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم میں عام شرکا کے لیے 4 گیٹ دروازے تھے۔
جو تمام کھلے ہوئے تھے۔ عمران خان کی آمد اور وی آئی پیز کے لیے جو دروازہ مخصوص تھا وہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے کہنے پر عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ اسٹیج کی سیکورٹی ایلیٹ فورس اور پولیس کے پاس تھی۔
ان کے ساتھ پی ٹی آئی کے رضا کار بھی موجود تھے جنھوں نے اسٹیج پر جانے والوں کی نشاندہی کی۔ جلسہ گاہ کی اندرونی سیکورٹی تحریک انصاف کے ذمے تھی جس کے بارے میں وہ باقاعدہ ہمیں لکھ کر دے چکے تھے۔ جلسے سے پہلے 4 مرتبہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت سے سیکورٹی پلان پر بات ہوئی اور وہ مطمئن تھے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ائیر پورٹ سے لیکر جلسہ گاہ تک عمران خان کا روٹ سیکورٹی کی وجہ سے تبدیل کیا گیا۔ آی جی کو بھجوائی جانے والی رپورٹ کے مطابق اسٹیج پرچڑھنے کے لیے لگائی جانے والی سیڑھی ملتان پولیس نے نہیں ہٹائی تھی اور نہ سیڑھی کی نگرانی پولیس کی ذمے داری تھی۔