فیصل آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی اسٹیج کے نامور اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دونوں خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آغا ماجد اور نسیم وکی کی گاڑی پر دو روز قبل نامعلوم افراد نے فیصل آباد میں فائرنگ کی، جس کا مقدمہ اداکاروں کی مدعیت میں تھانہ ریل بازار میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 20 جنوری کی رات آغا ماجد اور وکی لاہور جا رہے تھے تو اسی دوران راجباہ روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اُن کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی جانب سے دو گولیاں چلائیں جن میں سے ایک گاڑی کی ڈگی جبکہ دوسری ٹائر پر لگی۔
مقدمہ اندراج کے بعد پولیس افسرغلام مبشر میکن ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اداکاروں نے کہا کہ ہم فائرنگ کرنے والے ملزمان کو نہیں جانتے، ممکن ہے کچھ لوگ فیصل آباد میں تھیٹر کی ترقی سے خوفزدہ ہوں، جنہوں نے اس حرکت کے ذریعے ہمیں ڈرانے کی کوشش کی ہو۔
سی پی او نے نسیم وکی سمیت تمام فنکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تلا ش کر کے گرفتار کیا جائے گا اور اُن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔