اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے تمام فریقین سے مشاورت کے بعد طالبان سے مذاکرات کئے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف نے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیرکم دروچ سے ملاقات کے دوران کہا کہ اس وقت پاکستان کو توانائی اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہماری ترقی پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے معیشت پر مثبت نتائج نظر آئے ہیں جب کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تمام فریقین سے مشاورت کے بعد طالبان سے مذاکرات کئے جارہے ہیں۔ افغانستان سے متعلق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور اپنی سرزمین کو کبھی افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، پاکستان جنوبی ایشیا سمیت پورے خطے میں استحکام چاہتا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کے سوشل سیکٹر میں برطانوی سپورٹ کو بھی سراہا جب کہ برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیرکم دروچ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کو اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مدد جاری رکھے گا۔