پشاور (جیوڈیسک) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے شہر میں مضر صحت اور باسی گوشت کی فروخت کا نوٹس لے لیا ہے اور سیکریٹری صحت اور سی سی پی او پشاور کو عدالت طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے پشاور شہر میں غیر معیاری گوشت اور قیمے کی فروخت کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ چیف جسٹس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضر صحت اشیائے خوردونوش سرعام بیچی جارہی ہیں۔
انتظامیہ خاموش بیٹھی ہے۔ چیف جسٹس نے صوبائی سیکرٹری صحت اور چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور کو وضاحت کیلئے عدالت طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نے شہر میں مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔
چیف جسٹس نے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیا اور ہدایت کی کہ مضر صحت گوشت کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور ہوٹلوں میں باسی گوشت کے بنے کباب، تکے اور دوسری ڈشز پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتطامیہ کو ہدایت کی ہے کہ قصاب خانوں میں صفائی کا انتظام بہتر بنانے کے ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر گوشت کی کٹائی اور فروخت کو یقینی بنایا جائے۔