آزاد کشمیر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول کے حوالے سے لاہور، راولپنڈی، کراچی، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت دیگر ملک کے دیگر شہروں میں عید میلادالنبی کے حوالے سے اہل سنت بھائیوں کے ہمراہ ریلیاں نکالی گئیں اور جلوسوں میں بھر پور شرکت کر کے اتحاد امت کا فقید المثال مظاہرہ کیا گیا۔اس کے علاوہ لندن میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول کے حوالے ریلی نکالی گئی جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کراچی میں نمائش چورنگی پر مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام لبیک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شیعہ سنی افراد نے شرکت کی۔ ملک بھر میں جلوسوں میں سبیلیں لگائی گئیں، اسٹیج لگائے گئے جبکہ ایم ڈبلیو ایم کے تمام صوبائی دفاتر بشمور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ضلعی دفاتر پر چراغاں کیا گیا، بارہ ربیع الاول کے سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ملک بھر میں ہونے والے بیشتر کانفرنسز میں مجلس وحدت مسلمین کے قائدین نے شرکت کی اور خطابات کیے۔
ملتان میں ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام سی آئی ڈی آفیسر چودھری اسلم اور ہنگو کے شہید طالبعلم اعتزاز حسن کی یاد میں چراغاں کیا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مینار پاکستان پر ہونے والی کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا۔ راولپنڈی میں مرکزی جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے اسٹال لگایا گیا اور نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام گلگت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میلاد کاسب سے پروگرام منعقد کیا گیا جس میں سنی شیعہ اکابرین نے شرکت کے اتحاد و حدت کا مظاہرہ کیا گیا۔
آزاد کشمیر میں مظفر آباد میں ایم ڈبلیو ایم کی مقامی قیادت نے پھر پور شرکت کی۔ اس موقع پر مقرین کا کہنا تھا کہ میلاد کے جلوسوں میں شیعہ سنی بھر پور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے، فقط چند مٹھی بھر دہشتگرد ہیں جنہوں نے ملک کے امن کو غارت کر دیا ہے۔
اگر ریاست اپنی بھر پور طاقت کے ساتھ ملک دشمن عناصر کیخلاف کارروائی کرے تو ان کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔ آج ملک میں کوئی محفوظ نہیں، کبھی فوجیوں پر تو کبھی سوئلین پر حملے ہوتے ہیں۔ طالبان وطن عزیز کے غدار ہیں جنہیں بھر پور طاقت سے کچلا جائے۔ اس موقع پر ملک میں امن وامان کے حوالے سے خصوصی دعائیں کی گئیں۔