ریاستی امور میں مداخلت غداری ہے، ن لیگ سندھ

PML N

PML N

کراچی (جیوڈیسک) ریاستی امور میں مداخلت اور آئین سے انحراف، غداری ہے، پی ٹی وی پر قبضہ کر کے کس انقلاب کا پیغام دیا گیا، پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس اور قصر صدارت پر قبضے کے منصوبے بے نقاب ہونے کے بعد مظاہرین کا اگلا ہدف پاکستان کی سرحدی حدود کا دفاع کرنے والے بھی ہو سکتے ہیں،وزیر اعظم پاکستان کا استعفیٰ چند افراد کی آخری خواہش بن جائے گا

مسلم لیگ(ن) کے کارکن اپنے قائد سے استعفیٰ مانگنے والوں کو مؤثر سیاسی جواب دینے کے لئے بے چین ہیں، انصاف کے نام نہاد علمبرداروں کے چہرے سے نقاب اتر چکا ہے، وفاقی دارلحکومت پر قبضے کی کوششیں آخری سانسیں لے رہی ہیں۔ یہ بات مسلم لیگ(ن)سندھ کے اجلاس میں کہی گئی۔ جس کی صدارت مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کی۔

شرکاء نے مزید کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) انقلاب کے تماشے کو منطقی انجام تک پہنچا کر جمہوریت دشمنوں کے اصلی چہرے بے نقاب کرے گی، انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں پر قبضہ کرنے والے دفاعی اداروں کی طرف بھی بڑھ سکتے ہیں۔