اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت شرح سود 13.25 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے آئندہ 2 ماہ کی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں ایکسپورٹ کے شعبے اچھا پرفارم کررہے ہيں، ایکسپورٹ سیکٹر کے لیے 200 ارب روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے اچھے اشاریے سامنے آرہے ہيں جب کہ مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت بڑھ رہی ہے اور ملک میں معاشی سرگرمی بہتر ہورہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک میں زرعی پیداوار ہدف سےکم ہونےکا خدشہ ہے، اس کے علاوہ کافی سیکٹرز میں پروڈکشن اور سیلزبڑھ رہی ہیں، پاکستان میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں قیمتیں کنٹرول میں ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ سپلائی کا عمل بہتر ہونے سے منہگائی کی شرح کم ہونے کی توقع ہے، زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ انڈسٹریز کو سپورٹ کرنےکی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمدی شعبے کے لیے نئے اعلان کررہے ہیں، فیکٹریاں اور صنعتیں لگیں گی تو روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے، چھوٹے ایکسپورٹرز کے لیے بھی آئندہ پالیسی لے کر آئیں گے۔