کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق آج سے دس روپے کا سکہ مارکیٹ میں آجائے گا۔ اس سے پہلے ایک، دو اور پانچ روپے کے نوٹ کا استعمال بند کیا جا چکا ہے۔
دس روپے کا نوٹ بھی رفتہ رفتہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔ زرد رنگ کے دس روپے کے سکے کا وزن ساڑھے پانچ گرام ہے۔
اس کے سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جبکہ پچھلے رخ پر فیصل مسجد بنی ہوئی ہے۔ جس پر فاختائیں اڑتی نظر آرہی ہے۔ دیگر سکوں کی طرح دس روپے کا سکہ بھی لاہور میں واقع پاکستان منٹ فیکٹری سے تیار کرایا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایک ارب دس کروڑ روپے مالیت کے سکوں کا آرڈر دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق سکوں کو فروغ دینے کی وجوہات اس پر کم لاگت آنا ہے۔
اس کی عمر بھی پچیس سے چالیس سال ہوتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں کرنسی نوٹ صرف چند ماہ میں بوسیدہ ہوجاتا ہے اور اس کو تیار کرنے پر لاگت بھی زیادہ آتی ہے۔