اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو سرکاری عمارات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر ایسا کیا گیا تو قانون بھرپور طاقت سے حرکت میں آئے گا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ دھرنے والوں پر تشدد نہ کیا جائے اور خواہش ہے کہ معاملے کا سیاسی حل نکالا جائے، معاملے کے حل کے لئے عمران خان اور طاہر القادری سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
اور دھرنے دینے والے جس وقت چاہیں حکومتی مذاکراتی ٹیم ملنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اب بھی مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں اور اگر مذاکرات کے لئے مثبت اشارے ملے تو اس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا تاہم تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پارٹی نے مذاکرات کے دروازے مکمل طور پر بند کردیئے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کا سیاسی حل تلاش کرلیا گیا تھا اور تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز سے آگے بڑھ رہے تھے اور مذاکرات کا اگلا دور آج ہونا تھا لیکن شیخ رشید کی مداخلت کے بعد اچانک عمران خان کا رویہ گزشتہ روز تبدیل ہو گیا جس کی تصدیق جاوید ہاشمی نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں کی ہے۔