حکومت اورعالمی ادارہ صحت کی تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان میں پولیو کا مرض ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ قبائلی علاقوں میں رواں سال کے دوران پو لیو کے پندرہ کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں۔
فاٹا حکام کے مطابق قبائلی علاقوں میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں سال کے دوران خیبر ایجنسی میں پولیو کے نو کیسز، ایف آر بنوں میں تین اور شمالی وزیرستان میں پولیو کے تین کیسز رپورٹ کئے گئے۔ جہاں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیو ٹیموں کی عدم رسائی ہے۔
ای پی آئی حکام کے مطابق قبائلی علاقوں میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں میں پولیو کا پی ون کا خطرناک وائرس پا یا گیا ہے یہ وائرس ایک بچے سے دوسرے بچے میں آسانی سے منتقل ہوتا ہے۔