بھارت (جیوڈیسک) بھارت کے ریاستی انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو چار ریاستوں میں واضح برتری حاصل ہوئی ہے جب کہ حزب مخالف کی جماعت کانگریس پنجاب میں سبقت لے جانے میں کامیاب ہوئی۔
ہفتہ کو سامنے آنے والے نتائج کے مطابق آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں بی جے پی کو 403 میں سے 284 پر برتری حاصل ہو چکی تھی۔
نئی دہلی میں جماعت کے ایک سینیئر راہنما امیت شاہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کی جماعت اترپردیش، اتر اکھنڈ، گوا اور مانی پور میں حکومت بنائے گی۔ ان کا کنہا تھا کہ “یہ (انتخابی) نتائج بھارت کی سیاست کا ایک نیا رخ متعین کریں گے۔”
امیت شاہ کے بقول عوام نے کارکردگی کی سیاست کو قبول کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ اس جماعت کو ریاست اتراکھنڈ میں بھی 70 میں سے 50 نشسوں پر کامیابی مل چکی ہے۔
ان انتخابات کو 2014ء میں بننے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے ایک امتحان اور وزیراعظم مودی کی پالیسیوں سے متعلق ریفرنڈم تصور کیا جا رہا تھا۔ ریاست پنجاب میں کانگریس 117 میں سے 69 نشستوں پر برتری حاصل کر کے انتخابی میدان میں آگے ہے۔انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان ہفتہ کو دیر گئے متوقع ہے۔
مبصرین یہ کہتے آ رہے تھے کہ اگر بی جی پی یہ انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس کا سہرا وزیراعظم مودی اور انتخابی منصوبہ بندی کے لیے ان کے معاون امیت شاہ کے سر جائے گا جنہوں نے تقریباً دو ماہ تک بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
دوسری صورت میں انھیں اپنی جماعت کے لیے بعض سینیئر راہنماؤں کی طرف سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تقریباً 22 کروڑ آبادی والی ریاست اترپردیش میں انتخابات سات مرحلوں میں ہوئے جو جمعرات کو اختتام پذیر ہوئے تھے۔