اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ریاست نے انتہاپسندی و دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈایریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے آئی ایس پی آر میں انٹرنیز سے ملاقات کی اور انٹرن شپ مکمل کرنے پر طلباء کو مبارکباد دی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا پورا اعتماد ہے کہ پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو محسوس کر رہے ہیں، نوجوان پاکستان کو امن اور ترقی کے نئے دور کی طرف لے جائیں گے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ انتہاپسندی و دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آج جنگ کی نوعیت اور کردار بدل چکے ہیں، ہائبرڈ وار میں نوجوان اب ہمارے دشمنوں کا بڑا ہدف ہیں۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ نوجوان پُرعزم رہیں اور ایسے تمام خطرات کو شکست دیں۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں میں انضمام میں نوجوانوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک نظرانداز کیے ہوئے اور جنگ سے متاثرہ علاقے کو دیرپاامن، استحکام اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے سہولیات ملنی چاہئیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تعلیم کو ہماری قومی ترجیح ہونا چاہیے اور پاک آرمی اس قومی مقصد کے لیے مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے بالخصوص بلوچستان میں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں نسٹ کیمپس اور خوشحال بلوچستان ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔