کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مظاہرین ریاست کےاداروں کونقصان پہنچا کر ملک کی عزت و وقار مجروح نہ کریں۔ لندن سے جاری ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پی ٹی وی یا اسی جیسے ادارے اوران کی عمارتیں ریاست کی علامات ہیں۔
جن کے تقدس کاخیال رکھنا سب کافرض ہے اور احتجاج کی آڑ میں ان پر قبضہ کرنا یا ان کو نقصان پہنچانے کے عمل کو کسی بھی صورت میں درست اور جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والی جماعتوں کے قائدین اور دیگر رہنما دھرنے میں شریک اپنے کارکنوں کو سختی سے تنبیہ کریں کہ وہ قومی ریاستی اداروں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچائیں اوران کا احترام کریں۔
الطاف حسین نے دھرنے میں شریک دونوں جماعتوں کے کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ ریاست کی پہچان یہ ادارے ان کے اپنے ادارے ہیں، ان کی حفاظت کرنا اوران کے تقدس کاخیال کرنا ان کا بھی فرض ہے۔ اس لئے وہ ریاست کے ان اداروں کونقصان پہنچا کر ملک کی عزت و وقار کو مجروح نہ کریں، مظاہرین احتجاج ضرورکریں لیکن اپنے احتجاج کو ہر قیمت پر پرامن رکھیں اوراحتجاج کی آڑ میں کسی بھی قومی ادارے کوہرگز نقصان نہ پہنچائیں۔