لاہور (جیوڈیسک) بجلی کی پیداوار میں اضافے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، لاہور میں سحری کے دوران مختلف علاقوں میں بجلی غائب رہی جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں ٹائر جلا کر احتجاج بھی کیا گیا۔لیسکو حکام نے دعوی کیا تھا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔
لیکن دوسرے روز کی سحری کے وقت شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، جس پر شہریوں کی اکثریت نے گھروں سے باہر سحری کی۔ اقبال ٹاون، فیصل ٹاون، جوہر ٹاون، شاد باغ، پرانی انارکلی، اسلام پورہ اور شاہدرہ میں بجلی غائب رہی۔
نیو مسلم ٹاون کے علاقے میں بجلی کے ساتھ گیس بھی لاپتا ہوگئی۔ جس پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ آبادی کے مکینوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رات 12 بجے سے ہی بجلی بند ہے۔